کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن سندھ کی تشکیل مکمل کرتے ہوئے کمیشن کی خالی نشستوں پر تقرریاں کر دیں، کمیشن کی تشکیل کے ساتھ ہی پہلے اجلاس کے لیے اعلیٰ تعلیمی کمیشن سندھ کے اراکین کا کورم پورا ہو گیا ہے۔
حکومت سندھ نے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی خالی نشستوں پر جسٹس (ر) رانابھگوان داس ، سابق چیف جسٹس دیدارعلی شاہ اور سابق صوبائی سیکریٹری قانون غلام نبی شاہ کی تقرریوں کے نوٹی فکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔
اس سے قبل صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن میں خواتین کی نشست پر نادرا پنجوانی جبکہ ایک اور نشست پر اقرا یونیورسٹی کے چانسلر حنید لاکھانی کی تقرری کی گئی تھی جبکہ صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور سیکریٹری کمیشن منصورعباس ہیں۔
صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن کی تشکیل مکمل ہوتے ہی بورڈ کا پہلااجلاس جلد متوقع ہے جس میں صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے مستقبل میں کردار۔
صوبائی جامعات کے اہم امور کے علاوہ چارٹر ایویلیوایشن کمیٹی کے مستقبل اور امریکی قونصل خانے کے ساتھ اعلیٰ تعلیمی سطح پر تدریسی تعلقات کے حوالے سے معاملے پر بحث اور فیصلے متوقع ہیں۔