کراچی (جیوڈیسک) کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیئے ہیں شکار پور بم دھماکے کے اہم ملزم محمد انور نے تفتیش میں انکشاف کیے ہیں۔ دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ شکار پور دھماکے کی منصوبہ بندی تحریک طالبان پاکستان نے کی۔
دھماکے کا ٹاسک آصف چھوٹو نامی دہشت گرد کو دیا گیا جس کے لیئے شکار پور میں میٹنگ ہوئی جس میں 5 دہشت گرد شریک تھے۔ دھماکے کے بعد آصف چھوٹو کو نصیر آباد چھوڑ دیا گیا۔ سندھ میں دہشت گردوں کا منظم نیٹ ورک موجود ہے۔ آصف چھوٹو بلوچستان کے راستے سندھ میں داخل ہوتا ہے۔
دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد سندھ کے اسپتالوں میں علاج کراتے ہیں جس کا انتظام یہاں موجود دہشت گرد کرتے ہیں۔ اس حوالے سے سی ٹی ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش دہشت گرد کی ڈائری ملی ہے جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا سراغ ملا ہے۔
حکام کی جانب سے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کی تین ٹیمیں روانہ کر دی گئیں ہیں۔