سندھ میں جسقم کی اپیل پر جزوی ہڑتال

Sindh

Sindh

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدرآباد جئے سندھ قومی محاذ کے مرحوم چیئرمین بشیر قریشی کا پوسٹ مارٹم بیرون ملک نہ کرانے کے خلاف جسقم کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال کی گئی۔ جسقم کے رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی کا کہنا ہے کہ ریاستی دباو کے باوجود ہڑتال کامیاب رہی۔ حیدر آباد میں ہڑتال کے دوران قاسم آباد میں دکانیں بند رہیں اور ٹریفک معمول سے کم رہا۔سکھر میں ڈنڈا بردار افراد نے گشت کرکے زبردستی دکانیں بند کرادیں۔

لاڑکانہ میں سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم اور تدریسی عمل معطل رہا۔ گھوٹکی میں گھوٹکی سانکو روڈ پر زبردستی دکانیں بند کرانے پر جئے سندھ کے کارکنوں اور دکان داروں کے درمیان تصادم ہوا جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

نوشہر و فیروز، دادو، جام شورو ،جیکب آباد ،نواب شاہ، خیر پور ،پڈ عیدن ،ٹنڈو جام، بدین، اور ٹنڈو باگو سمیت مختلف شہروں میں ہڑتال کے دوران کاروبار معطل رہا،اور ٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم رہی۔ جئے سندھ قومی محاذ کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی کا کہنا ہے کہ ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے مختلف شہروں سے 300 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے باوجود ہڑتال کامیاب رہی۔