کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کل سندھ اسمبلی بلڈنگ کے باہر لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2013 کے خلاف احتجاج کرے گی۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ سندھ میں ناکارہ قانون لایا گیا، حلقہ بندیاں متنازعہ ہیں۔ لیکن ایم کیو ایم میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔
سندھ اسمبلی کے قریب کبوتر چوک پر اراکین رابطہ کمیٹی اور دیگر رہنماں کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ میں جو بے اختیار اور ناکارہ قانون لایا گیا ہے اس کے خلاف ایم کیو ایم نے اسمبلی میں بھی احتجاج کیا۔
عدالت سے بھی رجوع کیا اور سڑکوں پر بھی اپنی آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کے باہر سندھ کے بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف ایم کیو ایم کے تحت ہونے والے اجلاس میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایک تو سندھ میں بے اختیار نظام لایا گیا اور اس پر ستم ظریقی یہ کہ سندھ حکومت نے حلقہ بندیاں بھی اپنی مرضی سے کیں جو بلدیاتی انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ کے حقوق کے حصول کے لیے ایم کیو ایم آئینی، قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رہے گی اور ایم کیو ایم میدان خالی نہیں چھوڑے گی اور تمام تر تحفظات کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔