سندھ میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کی منظوری، ایم کیو ایم کی مذمت

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) قائم مقام گورنر سندھ نے تیسرے بلدیاتی ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی،قواعدکی خلاف ورزی پر امیدوار چار سال کیلئے نااہل قرار دیدیا جائے گا۔ایم کیو ایم کی جانب سے نئے آرڈیننس کی مذمت کی گئی ہے۔

قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کی جانب سے جاری آرڈیننس 16 ستمبر 2013 سے نافذ العمل ہو گا۔آرڈیننس میں حلقہ بندی کا اختیار رکھنے والے افسران کسی بھی دیہی علاقے کو شہری علاقہ قرار دے سکتے ہیں۔ترمیم کے مطابق اگر کوئی امیدوار انتقال کر جاتا ہے تو اس نشست پر تین ماہ کے اندر انتخاب ہو گا۔

یونین کونسل اور یونین کمیٹی ارکان کی تعداد نو رکھی گئی ہے۔غیر مسلم امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرنے کی صورت میں تعداد آٹھ رہ جائے گی، اگر کوئی سیاسی جماعت یا آزاد امیدوار یونین کونسل یا یونین کمیٹی پر پینل بنانے میں ناکام ہوتے ہیں تو منتخب امیدواروں کو پینل کا درجہ حاصل ہو جائے گا۔آرڈیننس کے مطابق میٹروپولیٹن کی یونین کمیٹی جو پہلے 40 سے 50 ہزار نفوس پر مشتمل تھی اب 10 سے 50 ہزار نفوس پر مشتمل ہو گی۔

ایم کیو ایم کی جانب سے نئے آرڈیننس کی مذمت کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ نیا آرڈیننس عوام کا مینڈیٹ چھیننے کے مترادف ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔