سندھ (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر بلدیات سید اویس مظفر کو وزیرداخلہ بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر سید اویس مظفر کو محکمہ داخلہ سندھ کا قلمدان دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ دبئی میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اویس مظفر نے ملاقات کی۔ اویس مظفر نے محکمہ بلدیات اور صحت میں اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے ان کی کارکردگی کی تعریف کی اور ان کا کہنا تھا کہ اویس مظفر سندھ کابینہ کے سب سے زیادہ محنت کرنے والے وزیر ہیں۔ آصف علی زرداری نے اویس مظفر کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح صوبے کی عوام کی خدمت جاری رکھیں۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے وزیر اعلی سندھ سیدقائم علی شاہ ،صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے بھی ملاقات کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سید اویس مظفر کو محکمہ داخلہ سندھ کا اضافی قلمدان بھی دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اویس مظفر کو محکمہ داخلہ کا قلمدان دینے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔