سندھ (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن 30 جون تک بڑھا دیا اور اس حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کیا ہے اور وبا کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت سندھ وبا کی روک تھام کے لیے وقتاً فوقتاً ہدایات جاری کرتی رہتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے از خود نوٹس میں کورونا کے حوالے سے ملک بھر میں یکساں پالیسی بنانے کا حکم دیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق آج یکم جون کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں کوویڈ 19 ایمرجنسی لاک ڈاؤن کے دوران معاشی سرگرمیاں ضابطہ کار(ایس او پیز) پر عمل درآمد کے ساتھ جاری رکھنے سے متعلق تفصیلی غور وفکر کیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں حکومت سندھ نے فیصلہ کیاہے کہ تمام تعلیمی و تربیتی ادارے، شادی ہالز ،بزنس سینٹر اور ایکسپو ہالز بدستور بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کھیلوں کی تمام سرگرمیاں ان ڈور اور آؤٹ ڈور اسپورٹس سمیت جِم اور کلبس بھی بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ ہر قسم کے ریسٹورنٹ اور کیفے بند رہیں گے تاہم خرید کر گھر لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی جب کہ سیاحوں کے لیے ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تفریحی مقامات ، پارکس،سنیما اور تھیٹر بند رہیں گے جب کہ بیوٹی پارلرز کو بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے اجتماعات، جلوس، مزارات پر کسی بھی تقریب پر تا حکم ثانی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے میں ٹرانسپورٹ کے لیے کل صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی ٹرانسپورٹر کے ساتھ ملاقات ہوگی جس کے بعد ضابطہ کار پر عمل درآمد کے تحت ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی قسم کی سرگرمی کو روکیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام مارکیٹس اور دکانیں ہفتے میں 5 روزکھلیں گی اور کاروبار کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے البتہ میڈیکل اسٹورز اور ضروری اشیاء کی دکانیں (دودھ دہی، پرچون وغیرہ) پورا ہفتہ کھلی رہیں گی۔
اس کے علاوہ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور عوامی مقامات پر جاتے وقت لازمی چہرے پر ماسک لگائیں اور 3 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کا حکم نامہ 30 جون تک نافذ العمل ہوگا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔