سندھ میٹرک امتحانات:کھلے عام نقل،کراچی میں امتحانی عملہ کی تاخیر کیخلاف احتجاج

Sindh Matric Exams

Sindh Matric Exams

کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں میٹرک کے امتحانات شروع ہوتے ہی نقل مافیا بھی میدان میں آ گیا ، گھوٹکی اور ڈھرکی میں مطالعہ پاکستان کا پرچہ آؤٹ ہوگیا ،لاڑکانہ میں طالبات بھی کھلم کھلا نقل کرتی رہیں ، کراچی میں امتحانی عملہ اور سوالیہ پرچہ تاخیر سے پہنچا ، ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے پر طلبا احتجاج کرتے رہے۔

سندھ میں امتحانات کے دوران نقل روکنا انتظامیہ کے بس کی بات نہیں۔ ڈہرکی ، اوباڑو اور گھوٹکی میں مطالعہ پاکستان کا پرچہ آؤٹ ہو گیا۔امتحانی عملہ ، طلبا کو خود نقل کرانے میں مصروف نظر آیا۔ امتحانی مرکز کی کھڑکیوں اور دیواروں پر بیٹھے نقل مافیا کے ان کارندوں کے سامنے بورڈ انتظامیہ اور پولیس اہلکار بے بس نظر آئے۔

کراچی میں بھی امتحانی مراکز پر پہلے روز ہی بدانتظامی نظر آئی ، لیاری ، کورنگی اور لانڈھی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں سوالیہ پرچہ اور امتحانی عملہ دونوں تاخیر سے پہنچے۔

ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے کے باعث طلبا کراچی تعلیمی بورڈ کے باہر سراپا احتجاج بن گئے۔ سندھ میں ہر بار امتحانات کے دوران نقل مافیا متحرک نظر آتا ہے لیکن بورڈ انتظامیہ سے لے کر سندھ حکومت تک کوئی اس مسئلے کو سنجیدہ لینے کو تیار نہیں۔