کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں نئے تعلیمی سیشن 2022 اور میٹرک و انٹر کے امتحانات کی تاریخوں کے تعین کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منگل 22 فروری کو طلب کرلیا۔
تعلیمی افسران اور چیئرمین بورڈز سمیت دیگر کو اجلاس کا ایجنڈا بھجوا دیا گیا ہے جس کے مطابق سندھ میں میٹرک کے امتحانات منگل 17 مئی اور انٹر کے امتحانات بدھ یکم جون سے شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
مزید برآں پورے صوبے میں نئے تعلیمی سیشن 2022 کا آغاز یکم اگست سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں 2022 کے تعلیمی کیلنڈر کی منظوری بھی دی جائے گی جس کے تحت موسم گرما کی تعطیلات جون و جولائی جبکہ موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر 2022 تک ہوں گی۔
نویں اور گیارہویں جماعتوں کے داخلے اور میٹرک و انٹر کے نتائج کے اجرا کی تاریخوں کا بھی تعین کیا جائے گا جبکہ سال 2022 کی تعلیمی اداروں میں دی جانے والی تعطیلات کی بھی منظوری دی جائے گی۔ ایجنڈے کے مطابق تعلیمی اداروں کی سالانہ تعطیلات میں کوئی کمی بیشی نہیں کی گئی ہے۔
ادھر پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات بھی مئی کے پہلے ہفتے میں شیڈول کیے گئے ہیں جبکہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے سبب میٹرک سسٹم کے حامل بیشتر نجی اسکول یہ امتحانات اپریل میں شیڈول کر چکے ہیں۔