کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے بعض علاقوں میں صبح سویرے بارش کے بعد گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا، تاہم کشمیر، پنجاب سندھ اور بلوچستان کے بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں ضلع بدین کے مختلف شہروں میں آج صبح سے وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے، جس سے گرمی کازور ٹوٹ گیا۔
تھرپارکرکے بعض دیہی علاقوں میں بھی صبح ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش لاہور میں 13 ملی میٹر رکارڈ کی گئی۔ آج کشمیر، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، مالاکنڈ، ہزارہ، حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپور خاص، ژوب اور سبی میں بعض مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔