سندھ میں فوری بلدیاتی انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں، امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) احتجاج کرنا جمہوری حق اور ہر سیاسی و مذہبی جماعت سمیت ہر شہری کا استحقاق ہے مگر اس کا قانون و آئین کی حدود میں رہنا اور پر امن ہونا بھی ضروری ہے جبکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں لیکن ان اداروں سے محروم صوبائی و قومی حکومت خود کو بار بار جمہوری حکومت کہہ کر جمہوریت اور حکومت دونوں ہی کی توہین کررہی ہیں۔

اسلئے جہاں فی الفور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور بلدیاتی اداروں کی فعالیت کے ذریعے عوامی مسائل کا حل ناگزیر ہے وہیں عوام کو لاحق پریشانیوں کے حل کیلئے پر امن احتجاج کرنا بھی ضروری ہے تاکہ آنکھ و عقل کے اندھے اور کان کے بہرے حکمرانوں تک کسی طور عوام کی آواز پہنچ سکے مگرعوامی مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے احتجاج کو عوام کیلئے مسائل و مصائب کا پیش خیمہ کسی طور نہیں بننا چاہئے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کیلئے احتجاج کی کال اور بلدیاتی انتخابات کی فوری انعقاد کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی معیشت میں تجارتی حب کی حیثیت رکھنے والے شہر سے حکمرانوں کا سوتیلی ماں جیسا سلوک یقینا اس بات کی علامت ہے کہ ہمارے پیش کردہ فارمولے کے مطابق مقامی خود مختاری کا نفاذ ناگزیر ہوچکا ہے اور اس میں تاخیر کی گئی تو پھر یقینا تمام قومی وسائل صرف لاڑکانہ ‘ رائے ونڈ ‘ کوئٹہ اور پشاور کیلئے مختص ہوجائیںگے اور باقی ملک کے عوام حسرتوں کے بھٹے بھوننے پر مجبور ہوں گے۔