سندھ کو مسلم لیگ ن کا قلعہ بنائیں گے، شبیر حسن انصاری

Meeting

Meeting

کراچی : مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہاہے کہ سندھ میں مسلم لیگ ن کو منظم کرنے کے لیئے سخت محنت کی ضرورت ہے سندھ میں مستقبل تابناک ہے، سندھ کو مسلم لیگ ن کا قلعہ بنائیں گے، مسلم لیگ ن اس وقت ملک کی مقبول ترین جماعت ہے جو عام انتخابات میں دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے کامیاب ہو کر تاریخ ساز فیصلے کر یگی، قوم بلدیاتی نہیں عام انتخابات کی تیاری کرے کسی بھی وقت بگل بج سکتا ہے، مسلم لیگ ن سندھ کے شہر ی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے آباءو اجداد کی جماعت ہے، بہت جلد سندھ میں مسلم لیگ ن کو 1977والی سطح پر لانے کے لئے نئی صف بندی کریں گے، مسلم لیگ ن کو سندھ میں بھرپور توانائی کے ساتھ منظم کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ہاءوس سے جاری کردہ بیان سے کیا، شبیر حسن انصاری کا کہنا تھا کہ کچھ نام نہاد فصلی بٹیروں نے جماعت کو سخت نقصان پہنچایا، مسلم لیگ ن کو مضبوط اور منظم کرنے کے لیئے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کروں گا اور سندھ میں پارٹی کی مضبوطی کے لیئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے کیونکہ مسلم لیگ ن ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ان لوگوں کے خلاف سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف پر لگائے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور وقت نے ثابت کردیا ہے کہ شریف خاندان پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ہے اور بہت جلد میاں نواز شریف تمام جھوٹے اور بے بنیاد الزامات سے بری ہوکر عوام کے درمیان ہوں گے، نواز شریف کو کسی ڈیل یا ڈھیل کی ضرورت نہیں ہے اگر معطل جج کو سزا ہوئی تو نواز شریف رہا ہو جائیں گے دنیا کا کوئی قانون کسی شہری کو جبری قید نہیں رکھ سکتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو اس بات کا اندازہ ہوچکا ہے انہوں نے ایک ناسمجھ جماعت کو ووٹ دیکر کتنا غلط فیصلہ کیاہے اور اس وقت پاکستان کی بھاگ دوڑ عقل سے پیدل لوگوں کے ہاتھ میں ہے، عمران خان اور ان کی جماعت نے ایک سال میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اورپاکستانی عوام کو اس با ت کا بھی انداز ہ ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور ان کی نا اہلی کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو سندھ میں مقبول ترین جماعت بنانے کے لیئے سندھ کی ہر گلی اور کوچے میں جائیں گے، بہت جلد مسلم لیگ کے پرانے ساتھیوں کو دوبارہ ن لیگ کے پلیٹ فارم پرلانے کے لیے جدوجہد کرونگا۔