کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ میں بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر آج سے کاروباری مراکز کو صبح 6 سے شام 6 تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم اسٹاف رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
سندھ میں کورونا سے متعلق نئی احتیاطی تدابیرکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق دفاتر میں آدھے ملازمین روٹیشن کےتحت گھر سے کام کریں گے جب کہ سینیما، مزارات اور جم بند کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے میں اِن ڈور شادیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ شادی ہالز میں تقریب رات 9 بجے تک ختم کرنا ہو گی اور صرف 200 مہمانوں تک کی اجازت ہو گی، اس کے علاوہ بوفے سسٹم پر پابندی ہو گی، مہمانوں کو کھانا پیکٹس میں فراہم کرنا ہو گا۔
دوسری جانب پنجاب کے دفاتر میں بھی حاضری 50 فیصد کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 26 نومبر سے 10 جنوری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔