سندھ کے نامزد گورنر عمران اسماعیل انٹر پاس نکلے

Imran Ismail

Imran Ismail

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سندھ کے لیے نامزد گورنر عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت انٹر نکلی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو گورنر سندھ مقرر کر دیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا۔

عمران اسماعیل کے بطور گورنر سندھ حلف برداری کی تقریب 27 اگست کو گورنر ہاؤس کراچی میں ہونی ہے جہاں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ان سے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب سے قبل ہی عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت صرف بارہ جماعتیں پاس یعنی انٹر نے سب کو چونکا دیا ہے۔

گورنر جامعات کا چانسلر ہوتا ہے اور اسے جامعات کے وائس چانسلر تعینات کرنےکا اختیار ہوتا ہے جب کہ گورنر بطور چانسلر طلبہ کو ڈگریاں بھی ایوارڈ کرتا ہے۔

سندھ کے نامزد گورنر عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت انٹر ہے جس کے بعد اب انٹرپاس گورنر سندھ جامعات کے چانسلر ہوں گے۔

عمران اسماعیل نے پی ایس 111 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور کاغذات نامزدگی میں تعلیم انٹردرج کی ہے جب کہ اس معاملے پر عمران اسماعیل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مؤقف دینے سے گریز کیا۔

دوسری جانب ماہرین تعلیم نے بھی عمران اسماعیل کی تقرری پر اعتراض کیاہے اور ان کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت منصب سے مطابقت نہیں رکھتی۔