سندھ میں تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

Badin

Badin

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ایکسپلوریشن لمیٹڈ کو بدین میں تیل و گیس کی تلاش میں کامیابی ہوئی ہے۔ پی ای ایل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تیل وگیس کی نئی دریافت ضلع بدین میں عائشہ فیلڈ سے ہوئی ہے، جس سے ایک کروڑ 13 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی ،گیس کا معیار بہت بہتر ہے اور 967 بی ٹی یو کی حرارت رکھتی ہے۔

فیلڈ سے 115 بیرل تیل یومیہ حاصل ہوگا۔ پی ای ایل نے سندھ کے ضلع شکار پور میں بھی تیل و گیس کی تلاش کے لیے رگ کرائے پر حاصل کی ہے جبکہ ضلع بدین جنوبی میں حلیمہ اول پر تیل و گیس کی تلاش کا کام شروع کرے گی۔ پی ای ایل کو پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 6 مقامات لیز پر ملے ہیں جبکہ زمین پر 9 اور سمندر میں ایک بلاک پر تیل و گیس کی تلاش کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ پاکستان سے باہر بھی 5 بلاکس پر تیل و گیس کی تلاش میں حصہ لے رہے رہی ہے۔