کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے “گرینڈ اپوزیشن” بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ ن نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ قرار داد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں مسلم لیگ ن کے رکن سندھ اسمبلی عرفان اللہ مروت کے گھر پر اجلاس میں گرینڈ اپوزیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور سندھ اسمبلی کے جمعہ کو ہونے والے اجلاس کی حکمت عملی طے کی گئی۔ عرفان اللہ مروت نے کہا کہ جس قانون کو خود بنایا اب اس میں غیر منصفانہ ترامیم کے خلاف عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔
ایم کیوایم کے رہنما سید سردار احمد نے کہا کہ ترمیمی آرڈیننس پرسب پیپلز پارٹی کے خلاف اکھٹے ہیں، سب جماعتیں سندھ اور اس کے عوام کو بچانا چاہتی ہیں۔
مسلم لیگ فنکشنل کے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کا کردار ختم کر رہی ہے، یہ کہاں کی جمہوریت ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ سے انہیں انصاف ملے گا۔
سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ عدالتیں آزاد ہیں اور انہیں عدلیہ پر مکمل بھروسہ ہے۔