سعید آباد (جیوڈیسک) عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کیخلاف پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ملک بھر کی طرح اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی یوم سیاہ منایا گیا،لاڑکانہ میں در گاہ قائم شاہ بخاری سے ریلی نکالی گئی جو جناح باغ چوک پہنچی، جہاں دھرنا دیا گیا، ریلی کی قیادت عبدالعزیز قاسمی،سید ہدایت علی شاہ اور دیگر نے کی، مقررین نے کہا کہ گیارہ مئی 2013 کا دن ملک کا سیاہ ترین دن تھا، اس روز ہونیوالے انتخابات میں کھلے عام دھاندلی کی گئی اور من پسند نتائج حاصل کیے گئے، جسکے باعث ملک میں کرپشن، لوٹ مار اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، جس کی جڑ کرپٹ حکمران ہیں۔
جنہیں دھاندلی کے ذریعے اقتدار سونپا گیا، حکمران عوامی مسائل کے حل کی بجائے صرف اور صرف کرپشن میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈا کٹر محمد طاہر القادری ملک میں انقلابی سیاست کا آغاز کر چکے ہیں اور اب وہ دن دور نہیں جب ملک میں حقیقی انقلاب آئے گا، پاکستان عوامی تحریک ضلع ٹنڈومحمدخان کے زیر اہتمام اسٹیشن روڈ سے ضلعی رہنماؤں مشتاق احمد ، ممتاز میتھلو ، کاشف مصطفیٰ ، بلال احمد، حافظ ایاز اور غلام مرتضیٰ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپٹ اور دھاندلی کی پیداوار ہے ، ایک سال میں موجودہ حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے، مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ کے باعث زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے، جب تک اس ملک میں انتخابات کا نظام تبدیل نہیں ہو گا، عام آدمی ایوانوں تک نہیں پہنچے گا، بھان سعید آباد میں بھی حاجی تصدق حسین کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔