کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں نے لاشوں کی سیاست کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام اور دھرتی کو بہت زخم دیئے ہیں ، لوگ کاندھوں اور گدھا گاڑیوں پر جنازے لیکر جاتے ہیں ، سندھ حکومت بے حسی کی تمام حدوں کو پار کرچکی ہے، سندھ حکومت نے صوبے کی عوام کے لیئے زندگی تو پہلے ہی مشکل کر ہی رکھی تھی لیکن اب تو سندھ کے لوگوں کو مرنے کے بعد میتوں کو تدفین اور کفن دفن کے لیئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے نجات کے بغیر سندھ دھرتی کی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، لوگوں کے پاس روزگار نہیں ہے رہنے کوگھر نہیں ہے لوگ دربدر ہو رہے ہیں ، سندھ حکومت کی نا اہلی کیوجہ سے لوگ اپنے پیاروں کی میتوں کو گدھا گاڑی میں لے جانے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اضلاع میں یہ حالت ہے کہ جہاں سے جانور پانی پیتے ہیں وہیں سے انسان بھی پانی پینے پر مجبور ہیں عوام زندگی کی ان بنیاد ی سہولیات سے بھی محروم ہیں جن کو معاشرے کے ہر فرد تک کی دہلیز تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے سندھ کے لوگ نہایت اذیت ناک اور مشکلوں سے بھری زندگی گزار رہے ہیں ، دور حاضر جیسے جدید دور میں بھی ہمارے صوبہ سندھ کے گاءوں اور گوٹھوں میں لوگوں کے پاس پینے کو پانی اور کھانے کو کچھ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کی لوگوں کو جان بوجھ کر پیپلز پارٹی کے وڈیروں اور جاگیرداروں نے تعلیم سے دور اور محروم رکھا ہوا ہے تا کہ آنے والی نسلیں ان کو مظالم اور زیادتیوں کو سمجھ نہ سکیں اور ساری زندگی ان وڈیروں کی غلامی کرتے رہیں ، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت میں کوئی بھی شخص عوامی نہیں بلکہ سب مختلف علاقوں کے وڈیرے ہیں جنہوں نے آپس میں ملکر ایک جماعت بنائی ہوئی ہے اور سندھ پر زبردستی اور دھاندلی سے حکومت کر رہے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ایک عام انسان کی زندگی میں خوشحالی تب ہی آئے گی جب صوبہ سندھ میں عوامی نمائندگی ہوگی اور ایک عوامی لوگوں اسمبلیوں میں آئیں گے، جب تک ایک مخصوص طبقہ سندھ پر حکومت کرتا رہے گا صوبے کا حال مزید خراب ہوتا جائے گا بہتری نہیں ہو گی۔