کراچی (جیوڈیسک) سندھ پولیس نے جدید بکتر بند گاڑیاں اور موبائلیں حاصل کرلی ہیں، جن سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن میں مدد ملے گی۔ یہ ہے سینٹرل پولیس آفس کراچی۔ جہاں آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی اور دیگر افسران جدید بکتربند گاڑیوں اور موبائلوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ 35 بکتر بند گاڑیوں اور 100 موبائلوں میں سے کچھ خریدی گئی ہیں اور کچھ پولیس کے پاس پہلے سے موجود تھیں جن کی مرمت کراکے انہیں جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے۔
یہ جدید گاڑیاں اب پولیس اہل کاروں کو بم حملوں اور فائرنگ سے محفوظ رکھیں گی۔کالے رنگ کی یہ بکتر بند گاڑی بلٹ پروف ٹائر کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی گاڑی ہے، جس کے اندر اہل کاروں کے لیے ہر وہ سہولت موجود ہے جو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مدد دے گی۔
ان میں نائٹ ویژن کیمرے، کشادہ سیٹیں اور جدید آلات شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ جدید بکتر بند گاڑیاں اور موبائلیں لیاری جیسے حساس علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ہر طرح کے آپریشن کی صلاحیت رکھتی ہیں۔