سندھ پولیس نے دعا منگی کیس کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے مدد مانگ لی

 Dua Mangi Case

Dua Mangi Case

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ پولیس نے دعا منگی اغوا برائے تاوان کیس کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے مدد مانگتے ہوئے اطلاع دینے والے کو پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو پولیس ذرائع نے بتایا کہ مطلوب ملزم زوہیب قریشی کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شہری کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ اطلاع دینے والے کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کو خط میں انعام کی سفارش کریں گے۔ واضح رہے کہ ملزم زوہیب قریشی 27 جنوری کو کورٹ پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے شاپنگ سینٹر سے فرار ہوگیا تھا۔

پولیس نے بعدازاں کورٹ پولیس کے اہلکاروں کو گرفتار اور آن لائن ٹیکسی ڈرائیور سمیت متعدد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا تاہم مفرور ملزم زوہیب قریشی کی تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔