سندھ پولیس کیلیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تقریباً 50 ارب روپے مختص

Sindh Police

Sindh Police

کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت کے آئندہ مالی سال کے میزانیے (بجٹ) میں امن و امان کی غرض سے سندھ پولیس کے لیے تقریباً 50 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں تقریباً 41 ارب جبکہ ترقیاتی اخراجات کی مد میں تقریباً 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ پولیس کی ٹریننگ کی مد میں بھی علیحدہ سے ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، اس طرح مجموعی طور پر میزانیے کا حجم 51 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا ، تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے مالی سال 2014-2015 کے لیے امن و امان کی مد میں تقریباً 50 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پولیس کی ٹریننگ کی مد میں ایک ارب روپے بھی رکھے جائیں گے۔

50 ارب روپے میں سے41ارب روپے غیر ترقیاتی بجٹ ہوگا جوکہ تنخواہ اور دیگر غیر ترقیاتی اخراجات کیلیے رکھے گئے ہیں جبکہ ترقیاتی اخراجات کیلیے 9 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سندھ پولیس میں 10 ہزار نئی اسامیوں کے لیے بھی ایک ارب روپے کی رقم مختص ہے، ترقیاتی اخراجات میں بھی زیادہ رقم اسلحے اور جدید گاڑیوں کی خریداری پر خرچ کی جائے گی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کا بجٹ ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور ممکنہ طور پر بجٹ کا حجم 51 ارب روپے سے بڑھ سکتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سے قبل رواں مالی سال کا میزانیہ 38 ارب روپے رکھا گیا تھا جبکہ سندھ پولیس کو آئوٹ آف بجٹ تقریباً 9 ارب روپے دیے گئے، اس طرح مجموعی طور پر سندھ پولیس کو سال 2013-2014 کے دوران تقریباً 47 ارب روپے دیے گئے تاہم مذکورہ بجٹ میں مختلف تھانوں کی تعمیرات اور دفاتر کی تزئین و آرائش کے 50 کروڑ روپے تاحال نہیں مل سکے ہیں، مالی سال 2013-2014 کے دوران 5 ارب روپے سے بلٹ پروف جیکٹس، بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر جدید اسلحے کی خریداری کیلیے بھی سندھ پولیس کو دیے گئے 100 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا عمل جاری ہے۔