کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے محکمہ پولیس کے افسران کے تبادلوں پر 3 ماہ کے لئے پابندی عائد کردی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اعلان کیا کہ پولیس افسران کو ایک سال سے پہلے علاقے سے تبدیل نہیں کیا جائے گا اور آئندہ تین ماہ تک افسران کے تبادلوں پر پابندی ہوگی جب کہ وزیراعلی نے سانحہ شکار پور کے ملزمان کی گرفتاری پر پولیس کی کارکردگی کے پیش نظر 50 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں افسران کی کمی کا سامنا ہے جب کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں سینئر اور بہترین افسران کی تنزلی کرنا پڑی تاہم ایک دو روز میں خالی سیٹوں پرتقرریاں کی جائیں گی۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور کے حقائق سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے گا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن سے تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ خودکش بمبار کو بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی سے لایا گیا تھا اور 15 روز تک اسے تربیت دی گئی جب کہ بمبار ٹھیلے والا بن کر امام بارگاہ کی ریکی بھی کرتا رہا۔