کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مساوی کئے جانے سے متعلق درخواست پر چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر پر مشتمل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزا کا مؤقف ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعد بلوچستان حکومت نے بھی پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کر دیا ہے جبکہ سندھ پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
سندھ پولیس، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ہمراہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے فرنٹ لائن پر ہے اورکئی اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔ عدالت نے درخواست پر چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔