کراچی (جیوڈیسک) محکمہ صحت سندھ نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندیوں کے تناظرمیں سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں، ٹائون ہیلتھ افسران، ای ڈی او ہیلتھ اور ای پی آئی پروجیکٹ ڈائریکٹر کو انسداد پولیو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ کراچی ایئر پورٹ پر انسداد پولیو کائونٹر بھی قائم کر دیا گیا۔
جمعرات کو محکمہ صحت کے اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر سریش کمارنے نوٹیفکیشن نمبر NO.SO-IV(PH) /POLIO/2014جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستانی مسافروں پر عارضی پابندی کی سفارش کی ہے جس کے مطابق پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو 4 ہفتے سے 12 ماہ کے سفرکے دوران اورل پولیو ویکسین (او پی وی)یا ان ایکٹویٹڈ پولیو ویکسین (آئی پی وی ) پلانا لازمی ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی کہ 4 ہفتے یا اس سے زائد کا سفر کرنے والے ہرعمر کے مسافروں کے لیے روانگی سے قبل پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے پینا لازمی ہو گا، یہ پابندی 6 ماہ کے لیے عائد کی گئی ہے۔