سندھ، نجی اسپتالوں میں علاج پر مریض بل پر 5 فیصد ٹیکس ادا کرینگے

Hospitals

Hospitals

کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ کی جانب بجٹ میں نجی اسپتالوں پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے سے براہ راست مریضوں متاثرہوں گے۔ صوبائی بجٹ میں پہلی بار مریضوں سے 5 فیصد ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مریضو ں کے حقوق کی پامالی ہے۔

بجٹ میں مریضوں سے ٹیکس وصول کرنے کی ایم کیوایم سمیت بعض حکومتی ارکان نے بھی مخالفت کی تھی تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے ایک نہ سنی اورنجی اسپتالوں کے نام پر مریضوں سے 5 فیصد ٹیکس لینے کے فیصلے کو برقرار رکھا، بجٹ میں یہ تاثر دیا کہ ٹیکس مریضوں سے نہیں نجی اسپتالوں سے وصول کیا جائے گا جبکہ نجی اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 5 فیصد ٹیکس اسپتال انتظامیہ زیر علاج مریضوں سے وصول کرے گی۔

نجی اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب مریض اسپتال کا بل ادا کرے گا تب مریض کے بل پر 5 فیصد ٹیکس تحریر ہوگا۔ اس سلسلے میں نجی اسپتالوں کی ایسوسی ایشن نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یہ ٹیکس نجی اسپتالوں پر عائد نہیں کیا گیا بلکہ حکومت نے غریب مریضوں کے علاج پرپہلی بارٹیکس عائد کر دیا ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ حکومت نے نجی اسپتالوں کے نام پر غریب مریضوں سے 5 فیصد ٹیکس وصول کرنا مریضوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہوگی۔