کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والے تمام امتحانات کالعدم قرار دے دیئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 2013 سے 2016 کے دوران جن امیدواروں نے امتحانات اور انٹرویوز دیئے تھے ان تمام کو فوری طور پر کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
اب تمام امیدواروں کو دوبارہ سے امتحانات میں شرکت کرنا ہوگی ۔ 2013 سے 2016 تک تین سالوں کے دوران 27 ہزار امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا تھا جس میں تحریری امتحان میں 644 اور انٹرویوز میں 227 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے بعد فروری 2017 میں فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے پڑھ کر سنایا۔
سپریم کورٹ نے پبلک سروس کمیشن ممبران کی غیر قانونی تقرری پر ازخود نوٹس لیا تھا ۔ از خود نوٹس لینے پر کمیشن کے چیئرمین اور ممبران مستعفی ہوگئے تھے۔