مظفر گڑھ (جیوڈیسک) سندھ اور پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کم ہورہا ہے۔ مظفر گڑھ کے دیہی علاقوں میں سیلابی پانی کے باعث بیماریاں پھیلنے لگی ہیں جبکہ کشمور کے کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی سے اگلی فصل اچھی ہونے کی امید ہے۔گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی کےبعد کشمور کے کچے کے علاقوں کچو بنڈی ،گہیل پور، جنیا اور شکار پور کے کچے کے علاقوں سے بھی پانی کم ہورہا ہے۔
کچے کے علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی سے ان کی زرعی زمینیں آباد ہوئی ہیں اوراب چاول کی فصل اچھی ہوگی۔سکھر بیراج میں پانی کی سطح 52ہزار کیوسک ہے یہاں سے کوٹری بیراج میں 39 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے ۔کوٹری سے سمندر میں ایک لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہاہے ۔سیلاب سے متاثرہ مظفر گڑھ کے دیہی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے جس کے باعث مختلف امراض پھیل رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں قائم ریلیف کیمپ خالی کرائے جارہے ہیں اور واپس جانے والے سیلاب متاثرین کو تین دن کا راشن اور ایک خیمہ دیا جارہا ہے۔