گھوٹکی (جیوڈیسک) سندھ اور پنجاب کے بیشتر سیلاب زدہ علاقوں سے سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات نہیں کیے جارہے۔ ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ متاثرین کی بڑی تعداد کو مناسب خوراک اور علاج کی سہولت بھی میسر نہیں۔ گھوٹکی کی یونین کونسل خان محمد گھوٹو، حسن ویلی اور قادر پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب کے آلودہ پانی میں مچھروں کی افزائش اور گندگی کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔
خیرپورکیزیرآب علاقوں کے متاثرین بھی مختلف پریشانیوں کاشکارہیں۔انہیں نہ مناسب خوراک مل رہی نہ علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جا رہیں۔ دریائے سندھ کا سیلابی ریلا سکھر بیراج سے کوٹری بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ کوٹری بیراج میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ڈیرہ غازی خان، ملتان، جھنگ سمیت پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کیلیے اقدامات نہیں کیے جارہے۔جبکہ کھلے میدانوں اور شاہراہوں پر پناہ لیے متاثرین کی مشکلات دن بدن بڑھتی جارہی ہیں۔