سندھ اور پنجاب میں سیلاب سے تباہی و بربادی کے نشانات

Sindh and Punjab.

Sindh and Punjab.

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اور پنجاب میں سیلاب اس سال بھی تباہی و بربادی کے نشانات چھوڑتا جارہا ہے۔ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔ دریائے سندھ کا سیلابی ریلا، سندھ کے مختلف علاقوں میں بستیوں کو تاراج کرتا ہوا بحیرہ عرب میں گررہا ہے۔ لاڑکانہ، خیرپور، نوابشاہ، دادو اور جامشورو میں دریا کنارے آباد کئی دیہات اور بستیاں ڈوب چکی ہیں۔

جن زمینوں پر ہرے بھرے کھیت تھے، اب وہاں حد نگاہ سیلابی پانی اور تباہی نظرآرہی ہے۔ رحیم یار خان اور بہاولپور کے سرحدی گاوں نوروالا میں دریائے ستلج نے تباہی پھیلائی۔ سیکڑوں ایکڑ پرکھڑی فصلیں ڈوب گئیں۔ متاثرین سیلاب حسرت و یاس کی تصویر بنے کھلے آسمان تلے پناہ لیے ہوئے ہیں۔

جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر یہاں امدادی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔ ملتان، مظفر گڑھ، جھنگ، چنیوٹ سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی موجود ہے۔ علاقے میں تعفن اٹھنے لگا ہے اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔