اسلام آباد (جیوڈیسک) سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے اور کئی علاقوں میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے باوجود سورج بدستور آگ برسارہا ہے۔ سورج نے صوبہ سندھ کو پوری طرح اپنی گرفت میں جھکڑ رکھا ہے ۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں صبح سے ہی سورج نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا اور گرمی کا زور بھی بڑھنے لگا ہے جس کی وجہ سے موہنجودڑو اور لاڑکانہ میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوچکا ہے۔ جبکہ سکھر میں 42 اور شہید بے نظیر آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
رحیم یار خان ، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اوکاڑہ ، ساہیوال اور پڈعیدن میں پارہ 39 ، پشاور ، تربت اور جیکب آباد 38 ، راولپنڈی اسلام آباد اور ملتان میں 37، حیدرآباد 36 ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں 35 ، جبکہ کراچی ، لاہور اور گوادر میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہےگا۔ تاہم آج ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن ، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز اور گرد آلود ہواوٰں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔