کراچی (جیوڈیسک) سندھ اور پنجاب کے 26 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ کے 8 اضلاع کی 76 یونین کونسلز میں انتخابات ملتوی کردیئے ہیں۔
سندھ کے 14 اور پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو شام ساڑھے 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ آج پنجاب کے جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال ،اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ اور خانیوال شامل ہیں جب کہ سندھ میں حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، دادو، جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، میرپوخاص، عمر کوٹ اور نوشہروفیروز میں ووٹنگ جاری ہے تاہم سانگھڑ میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولنگ ملتوی کردی گئی ہے۔
پنجاب کے 12 اضلاع میں ایک کروڑ 46 لاکھ سے زائد جب کہ سندھ میں 71 لاکھ 69 ہزار سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا ہے جب کہ دونوں صوبے کے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ کے 8 اضلاع کی 76 یونین کونسلز میں آج ہونے والے انتخابات ملتوی کردیئے جب کہ 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ جن یونین کونسلوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں ان میں تھرپارکر کی 6، نوشہروفیروز 17، میرپور خاص ڈویژن 25، بدین 4، حیدرآباد 24 اور سانگھڑ کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں۔