اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی ہے۔
سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جس میں عدالت کو یقین دلایا گیا کہ دونوں صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے جلد حلقہ بندیوں کے لئے اقدامات کریں گی جب کہ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے آئینی مسودہ مل گیا ہے۔
عدالت نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 جنوری تک کے لئے ملتوی کر دی جب کہ معزز عدالت نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی تعیناتی کے بعد دائر درخواست بھی نمٹا دی۔