سندھ اور پنجاب کے دریاوں میں پانی کا بہاو معمول پر آنا شروع

Rivers

Rivers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سندھ اور پنجاب کے دریاوں میں پانی کا بہاو معمول پر آنا شروع ہوگیا ہے تاہم مختلف علاقوں میں سیلابی پانی اب بھی موجود ہے اور متاثرین سڑکوں اور خیمہ بستیوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ محکمہ آب پاشی کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کا بہاو معمول پر آنے لگا ہے اور سکھر بیراج میں آنے ولے سیلابی پانی میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

گھوٹکی کے قریب قادر پور میں متاثرین ِ سیلاب کو اب بھی خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ لاڑکانہ، خیرپور اور دادو کے کچے کے علاقے اب بھی زیر آب ہیں۔ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی میں تونسہ کے علاقے درخواست جمال میں کچھ متاثرین اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں۔

تاہم کئی مکانات کو سیلاب سے نقصان پہنچنے کی وجہ سے کچھ متاثرین شاہراہوں پر ہی پناہ لیے ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد اور نصیر آباد کے مختلف قبرستانوں میں سیلابی پانی کی موجود گی کی وجہ سے لوگ اپنے پیاروں کی تدفین کیلئے بھی پریشان ہیں ،کچی قبریں پانی کی نذر ہورہی ہیں مگر ضلعی انتظامیہ کہیں نظر نہیں آرہی۔