اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نےپنجاب کی طرز پر سندھ میں بھی تحفظ حقوق نسواں قانون لانےکا اعلان کر دیا، کہتے ہیں قانونی تبدیلیاں لانے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں نامزد برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے باعث اب ادارے جواب دہ ہیں۔
پنجاب میں تحفظ حقوق نسواں ایکٹ بہت اچھا ہے ، سندھ میں بھی ایسا ہی قانون بنائیں گے ،خواتین اور اقلیتوں کو حقوق دلانے بھرپور کوشش کریں گے۔یہ اعلان اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اسلام آباد میں قومی کانفرنس برائے خواتین اقلیت و نوجوانان سے خطاب کے دوران کیا۔
ان کا کہناتھا کہ دنیا بھر میں خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کو اہمیت دی جا رہی ہے، ہمیں بھی قومی سطح پر عوام کوحقوق کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے،قانونی تبدیلیاں لانے کی اشد ضرورت ہے۔
نامزد برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آمرانہ دور کی نسبت جمہوری دور بہتر ہے ، برطانوی حکومت نے ہمیشہ جمہوری نظام کو فعال کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ پاکستان میں جمہوری نظام کے باعث اب ادارے جواب دہ ہیں، ملک سے جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کام کیا جا رہا ہے
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ خواتین کو قومی اسمبلی سے یونین کونسل کی سطح تک موثر نمائندگی دی جا رہی ہے، ملازمتوں میں بھی خواتین کا کوٹہ بڑھایا جا رہا ہے ۔