کراچی (جیوڈیسک) رینجرز کے قیام کی مدت میں توسیع نہ ہو سکی۔ سندھ حکومت نے ٹال مٹول سے کام لیا تو رینجرز نے کراچی میں آپریشنز بند اور چوکیاں خالی کر دیں۔
صوبائی وزرا اور غیر ملکیوں سمیت وی وی آئی پی شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی جبکہ اہلکاروں کو بیرکوں میں بلا لیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ چودھری نثار نے ڈی جی رینجرز سندھ کو فون کرکے وی وی آئی پی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بتدریج واپس بلانے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے میں رینجرز کو قانونی تحفظ کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
انھوں نے رینجرز کی ذمہ داریوں میں رکاوٹیں ڈالنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرکے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔