حیدرآباد (جیوڈیسک) جنرل آفیسر کمانڈنگ حیدر آباد میجر جنرل عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ٹریننگ حاصل کرنے والے ریکروٹس نے اپنے لئے سپہ گری کے پیشے کا انتخاب کرکے ایک بڑا دینی و قومی اعزاز حاصل کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ریکروٹس دفاع پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سندھ رجمنٹ نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملک کے اندر جاری دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بھی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ وہ جمعہ کو سندھ رجمنٹل سینٹر حیدرآباد میں چھٹے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
پریڈ میں سندھ رجمنٹل سینٹر کے افسران، جوانوں اور زیر تربیت ریکروٹس کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جی او سی حیدرآباد میجر جنرل محمد عبدالعزیز کو سلامی پیش کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی میجر جنرل محمد عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ سندھ رجمنٹ نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملک کے اندر جاری دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بھی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کا اندازہ سندھ رجمنٹ کے شہداء اور تمغوں کی تعداد سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر جی او سی نے دوران تربیت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں میڈل تقسیم کئے، اس موقع پر ریکروٹس کے والدین اپنے جگر گوشوں کو اپنے سامنے افواج پاکستان میں شمولیت اختیار کرتے اور پاکستان کے دفاع اور افواج پاکستان کی سربلندی کے لئے کوشاں رہنے کا حلف اُٹھاتے دیکھ کر بے حد مسرور تھے۔