کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ سندھ ریونیو بورڈ رواں مالی سال کے دوران 42 بلین روپے کی ٹیکس وصولی کے ہدف کیلئے کوششوں کو تیز کردے۔ وزیراعلی ہاوس میں سندھ ریونیو بورڈ کے ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کے دوران قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ ریونیو بورڈ کا صوبہ میں ترقی کے حوالے سے نمایاں کردار ہے۔
گزشتہ سال ایس آربی کی ریکوری مقررہ ہدف سے زیادہ رہی تھی لہذا اس سال ہم نے ہدف 32 بلین روپے سے بڑھا کر 42 بلین روپے کیا ہے اور امید ہے کہ اس سال بھی مقررہ ہدف سے زیادہ ریکوری ہوگی۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ ٹیکس دینے والوں کو زیادہ سے زیادہ ٹیکس نیٹ میں لائیں۔