دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہونے لگی، نقل مکانی کرنے گھروں کو واپس

Sindh River

Sindh River

نواب شاہ (جیوڈیسک) دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور نقل مکانی کرنے والے گھروں کو لوٹ رہے ہیں، نواب شاہ کے قریب کچے کے علاقے میں کشتی مالکان نے کرائے بڑھا دیئے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد سیلاب سے متاثرہ افراد گھروں کو واپس روانہ ہو رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو اشیائے خور و نوش اور صاف پانی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ان کیلئے کچھ نہیں کر رہی۔

نواب شاہ کے علاقے قاضی احمد کے مقام پر دریائے سندھ میں سیلابی پانی میں اضافے کے بعد کچے میں رہنے والے افراد نقل مکانی کیلئے کشتی استعمال کر رہے ہیں جس کا فائدہ اٹھا کر کشتی مالکان نے کرائے بڑھا دیئے ہیں۔

نصیرآباد کے سیلاب زدہ علاقوں سے مشینوں کی مدد سے پانی نکالا جا رہا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ شدید گرمی میں متاثرین کھلے میدانوں اور شاہراہوں پر بے یارو مددگار پڑے ہیں۔