کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی اجازت سے دادجروار میں منعقد ہونے والا تیسرا آل سندھ عثمان میموریل شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا فائنل بخاری شوٹنگ بال کلب حیدرآباد اور شہید بے نظیر بھٹو کلب لاڑکانہ کے مابین کھیلا گیافائنل میچ کے مہمان خصوصی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل دادجروار ظہیرعباس پتافی تھے مہمان خصوصی ظہیر عباس پتافی کی آمدپر ان کا شاندار استقبال کیا گیامہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا فائنل کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بہت بڑی تعداد گراونڈ میں موجود تھی، بیسٹ آف تھری پر مشتمل فائنل میچ آغاز سے ہی دلچسپ اور سنسنی خیز رہااور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوشش کرتی رہیں میچ کا پہلا سیٹ شہید بے نظیر بھٹو کلب نے 16-11 سے جیت کر ایک گیم کی برتری حاصل کی۔
لیکن بخاری کلب نے دوسرے سیٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور دوسرا سیٹ 14-16 سے جیت کر مقابلا برابر کر دیاتیسرے اور آخری سیٹ میں بھی بخاری کلب حیدرآباد نے عمدہ کھیل پیش کیا اور 9-16 سے جیت کر فائنل میں کامیابی حاصل کرلی بخاری کلب کی جانب سے عبدالحکیم، مختیار، جبارتھیبو، غلام علی اور یار محمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا جبکہ شہید بے نظیر بھٹو کلب کی جانب سے سید محمد علی شاہ، اشفاق علی، اشتیاق علی ا ور سید نور دین شاہ نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا، ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر عبدالحکیم کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔
مہمان خصوصی ظہیر عباس پتافی سے ٹورنامنٹ کی ونر ٹرافی بخاری شوٹنگ بال کلب کے کپتان عبدالحکیم اور رنر ٹرافی شہید بے نظیر بھٹو کلب کے کپتان نے حاصل کی، اس موقع پر حاجی غلام محمد خان، سید مدد علی شاہ، امیر احمد ابڑیجو، عبدالشکور تھبو، ڈاکٹر قیصر علی جتوئی، ریاض لغاری، محمد اجمل، خان محمد چنا اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں اس سے پہلے کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں شہید بے نظیر بھٹو کلب نے قاضی کلب کو 2-1 سے شکست دی دوسرے سیمی فائنل میں بخاری شوٹنگ بال کلب نے الشہباز کلب کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا فائنل میچ کو سید ظفر علی شاہ، شفیع میرانی اور اشفاق نے سپروائز کیا۔