لاہور (جیوڈیسک) سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان کا سندھ میں شو فلا پ ہو گیا ہے، عمران خان پنجاب میں کالا باغ ڈیم بنانے اور سندھ میں اسے نہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔ عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یہاں کے لوگوں اور سندھ میں و ہاں کے لوگوں پر الزامات کی بوچھاڑ کرنا کونسی سیاست ہے۔ عمران خان کی تشدد اور نفرت کی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکی۔
پاکستانی عوام سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں اور شارٹ کٹ تلاش کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ خود ساختہ احتجاجی تحریک سے تحریک انصاف کا گراف مزید نیچے آیا ہے۔ عمران خان ہٹ دھرمی اور ضد کی سیاست کی علامت بن چکے اور انہوں نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا کر عدم مفاہمت کے رویے کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے ملنے والے ووٹوں کے تناسب سے تحریک انصاف نے اپنا وہ سیاسی کردار ادا نہیں کیا جو اسے کرنا چاہیے تھا۔ زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان ایک ہی دفعہ بتا دیں کہ وہ عوامی عطیات سے قائم ہونے والے ایک ہسپتال اور یونیورسٹی کا مزید کتنا کریڈٹ لینا چاہتے ہیں اور کیا اس کے صلے میں وہ ملک سنبھالنے کے اہل قرار پا چکے ہیں؟
انہوں نے کہا ثابت ہو گیا ہے کہ پنجاب کے بعد سندھ میں بھی عمران خان نے ایک فلاپ شو کیا ہے۔ زعیم قادری نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران اور ان کے ساتھی اپنا سیاسی مستقبل تاریک دیکھ کر مایوس ہوچکے ہیں۔ پرویز الہی محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے حساس قومی ایشوز پر بیان بازی کرتے رہتے ہیں۔ چوہدری برادران کا دور اقتدار عوام کی خدمت کے بجائے لوٹ مار اور کرپشن کا دور تھا۔