کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ بھر میں دس اہم سڑکوں، ہائی ویز، سمیت اہم مقامات پر دھرنے، ریلیوں اور ہر قسم کے احتجاج پر عائد پابندی میں 2 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے پابندی میں ساٹھ روز کی توسیع کا حکم نامہ جاری کردیا ہے، اس سے قبل رواں سال پندرہ فروری کو دو ماہ کے لیے یہ پابندی عائد کی گئی تھی۔
حکم نامے کے مطابق کراچی میں نادرن بائی پاس، ایئر پورٹ، شاہراہ فیصل پر ہر قسم کا احتجاج، ریلی اور دھرنا دینا ممنوع ہو گا، کورنگی صنعتی ایریا،شاہراہ پاکستان، سپرہائی وے،حب ریور روڈ کو بلاک کرنا اور دھرنا دینا جرم تصور ہوگا۔ حکم نامے کے مطابق ماڑی پور روڈ،لیاری ایکسپریس وے،نیشنل ہائی وے پر بھی دھرنا دینا ممنوع ہوگا، سندھ کے تمام اضلاع میں بس اڈوں،آرسی ڈی شاہراہ،مرکزی سڑکوں،پورٹس اور اسپتالوں کی جانب جانے والی شاہراہیں، ریلوے اسٹیشنز کے اطراف دھرنا اور ریلیاں نکالنے پر ساٹھ روز کے لیے پابندی عائد ہوگی۔
پابندی میں توسیع کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے،پابندی میں آج 16 اپریل سے اگلے دو ماہ کے لیے توسیع کی گئی ہے۔