کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ حکومت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی دبئی میں آصف زرداری سے مشاورت کے بعد فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔
نئے سپیکر کیلئے ڈاکٹر سکندر میندہرو اور نثار کھوڑو کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ سپیکر آغا سراج درانی کو صوبے میں اہم ذمہ داری سونپے جانے‘ شہلا رضا کو وزارت تعلیم کا قلمدان سونپے جانے اور ارم خالد کو ڈپٹی سپیکر منتخب کرنے کا امکان ہے جبکہ وزیر بلدیات جام خان شورو اور وزیرداخلہ سہیل انور سیال بھی تبدیلی کی نذر ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو دبئی سے واپسی اور دورہ کشمیر کے بعد کسی وقت فیصلے پر عملدرآمد کر سکتے ہیں۔
آئندہ عام انتخابات سے قبل سندھ میں عوامی مسائل کو تیزی سے حل کرنے کیلئے تبدیلی کا فیصلہ کیاگیا ہے اور صوبائی کابینہ میں نوجوان اور متحرک ارکان کو شامل کرنے کیلئے تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔