کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام غازی شوٹنگ بال کلب شاہ فیصل کالونی پر سندھ اسپورٹس بورڈ قائد اعظم کپ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ۔افتتاحی میچ میزبان غازی شوٹنگ بال کلب اور واحد شوٹنگ بال کلب کے مابین کھیلا گیا جو کہ 1-1گول سے برابر رہا ٹورنامنٹ کے افتتاحی کے موقع پر شاندار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی وسیم الدین تھے جنہوں نے شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کے صدر حاجی غلام محمد خان کے ہمراہ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی وسیم الدین نے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں کے لئے کھیل کا فروغ بہت ضروری کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیکر ہم اپنے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے نہ صرف دور رکھ سکتے ہیں۔
بلکہ صحت مند اور توانا زندگی کو پروان چڑھا سکتے ہیںانہوں نے مزید کہاکہ جس معاشرے میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں اسپتال ویران رہتے ہیں نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیل پر بھی توجہ دیںافتتاحی تقریب سے شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کے صدر حاجی غلام محمد خاننے بھی خطاب کیا اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت ،کراچی ڈویژن کے ایڈوائزر محمد عارف ایڈوکیٹ ،پریس سیکریٹری عظمت اللہ خان ،غازی شوٹنگ بال کے صدر عبدالحق ،رانا ممتاز ،،جاوید کیانی ،حسنین تبسم ،شمیم قریشی ،طاہر بٹ و دیگر موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی وسیم الدین نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کورنگی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایااس موقع پر غازی شوٹنگ بال کلب کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کے صدر حاجی غلام محمد خان نے نوجوان نسل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں آپ ہی کی بدولت ملک و قوم کا نام روشن ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب انٹر اسکول ،انٹر کالجز اور انٹر یونیوسٹی سطح پر شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائیگا تاکہ شوٹنگ بال کھیل کو ملک میں ترقی اور فروغ حاصل ہوسکے اس موقع پر سندھ اولمپک اایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت نے کہا کہ غازی شوٹنگ بال کلب کی پی سی منظور ہے لہذا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کمشنر کراچی سے ہماری اپیل ہے کہ گرائونڈ کا کام جلد ازجلد شروع کیا جائے اس موقع پر ہزارہ محمڈن فٹ بال کلب کے وائس چیئر مین خالد تنولی اور صدر پرویز تنولی ،کپتان نعیم خان نے ہزارہ محمڈن کی جانب سے غازی شوٹنگ بال کلب کے لئے مکمل کٹ دینے کا اعلان کیا۔