کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی اجازت سے سندھ اسپورٹس بورڈ کپ رمضان المبارک باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز (آج) مورخہ 20 جون 2016ء بروز پیر 11 بجے شب سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر ہو گا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ ندیم الرحمن میمن کرینگے جبکہ صدر تقریب سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور اعزازی مہمان کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان ہونگے۔ترجمان کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں شہر کی 6 ممتاز باسکٹ بال ٹیمیں شرکت کرہی ہیں سنگل لیگ کی بنیاد پر مقابلے ہونگے، ٹورنامنٹ کے لئے 3،3ٹیموں کے 2 گروپ بنائے گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا جائیگا جس کے لئے بلدیہ کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد کو ایوارڈ کمیٹی کا چیئر مین نامزد کیا گیا ہے ۔ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر 2میچز کھیلے جائینگے پہلا میچ بائونس کلب ڈسٹرکٹ ایسٹ بمقابلہ آرام باغ ڈسٹرکٹ سائوتھ جبکہ دوسرا معرکہ نشتر کلب ڈسٹرکٹ ایسٹ بمقابلہ کارساز کلب ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مابین کھیلا جائیگا۔
دریں اثناء کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ھوالے سے بھر پور تعاون پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سائوتھ کے ایڈمنسٹریٹر نعیم احمد سندھو ،ڈائریکٹر پارکس ،الیکٹریکل انجینئر کا شکریہ ادا کیا ہے اور باسکٹ بال کورٹ آرام باغ میں فلڈ لائٹس کی ترسیل بہتر کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے اور اس اُمید کا اظہار کیا ہے کورٹ پر فلڈ لائٹس کا بقیہ کام جلد ازجلد مکمل کرلیا جائیگا۔