کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ جشن آزادی ضلع کورنگی ملاکھڑا ٹورنامنٹ میں شاہنواز ملاح نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد رجب باریچہ کو شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنالی۔
بلاول چورنگی ضلع کورنگی میں ہونے والے ان مقابلوں میں خان محدم شورہ نے اختیار ملاح کو زیر کرکے دوسری جبکہ حاجی شیدی نے اختر جمالی کو چت کرکے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیداران شیر محمد شاہ اور صالح محمد کاتیار مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ علاقہ معززین عبدالجبار،محمد مٹھل، عبدالشکور خاصخیلی اور یوتھ ونگ کے شیر محمد پہوڑ بھی تھے۔
مہمان خصوصی شیر محمدشاہ نے سندھ کے روائتی کھیل ملاکھڑا کے فروغ میں دلچسپی لینے اور سندھ کے تمام اضلاع میں ایونٹ کرانے پر سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد اور کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی کے کردار کو سراہا۔ سندھ ملاکھڑا ایسو سی ایشن کے سیکریٹری پہلوان بہرام خاصخیلی نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا بعد ازاں مہمان خصوصی شیر محمد شاہ نے پی پی پی کے سینئر رہنما صالح محمد کاتیار کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کئے۔