کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں جمعرات کی صبح سے سی این جی اسٹیشنز 24 کے بجائے 48 گھنٹوں کے لیے بند ہوں گے۔ دوسری جانب بدھ کو سی این جی اسٹیشن کھلنے کے بعد کراچی کے مختلف رہائشی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی دیکھی گئی ہے۔
سوئی سدرن کمپنی نے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔ جمعرات کی صبح 8بجے سے سی این جی دو دن کے لیے بند رہے گی جو شیڈول میں تبدیلی سے قبل ایک دن کے لیے بند ہونا تھی۔
سی این جی اسٹیشنز ہفتے کی صبح 8 بجے سے کھلیں گے۔ دوسری جانب بدھ کو کراچی کے مختلف علاقوں سے شہریوں نے گیس پریشر میں کمی شکایت کی۔ لیاری، کیماڑی اور اولڈ سٹی کے علاقوں کے علاوہ نارتھ ناظم آباد کے رہائشی علاقوں میں گیس پریشر کافی کم رہا اور اور خواتین کو کھانا بنانے میں دشواری اٹھانی پڑی۔
سوئی سدرن حکام کے مطابق بدھ کو سی این جی اسٹیشنز کھلنے سے گیس کی طلب و رسد کا فرق بڑھ گیا اور چند علاقوں میں گیس پریشرکا مسئلہ پیدا ہوا۔