کراچی (جیوڈیسک) سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ سندھ کے تاجروں اور عوام کو بجلی چور قرار دینا ان کی تذلیل ہے۔
وزیر مملکت عابد شیر علی سندھ کے تاجروں اور عوام سے فوری طور پر معافی مانگیں بصورت دیگر سندھ تاجر اتحاد سندھ بھر کی عوام اور تاجر برادری کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف عابد شیر علی کی زبان کو لگام دیں اور انہیں فوری طور پر وزارت سے ہٹائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ تاجر اتحاد کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس سے اتحاد کے رہنمائوں محمد کاشف صابرانی، سلیم میمن، اسماعیل لالپوریہ، رضوان عرفان، حسین قریشی، سلیم راجپوت، نثار خاکسار، یاسین قریشی، اسحاق شیخ، عافرین صدیقی، پرویز شیخ، محمد ذیشان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی سندھ اور بالخصوص کراچی کی تاجر برادری اور عوام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اپنے لائن لاسسز بھی صارفین کے اوپر ڈالے جارہے ہیں اور کراچی سمیت سندھ بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے عوام زیادہ سے زیادہ بلز کی ادائیگی کے باوجود عابد شیر علی کو چور نظر آتے ہیں تو وہ پہلے اپنی گریبان میں جھانکیں کہ وہ کتنے بڑے ایماندار ہیں۔
جمیل پراچہ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی کے باوجود بجلی کی نرخوں میں بھی گزشتہ روز1روپے سے زائد فی یونٹ کا اضافہ کرکے عوام اور تاجروں کے ساتھ نانصافیوں کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر عابد شیر علی نے سندھ بھر کے عوام اور تاجروں سے فوری طور پر معافی نہ مانگی اور اپنے الفاظ واپس نہ لیے تو سندھ تاجر اتحاد صوبے بھر کے عوام اور تاجروں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔
اس موقع پر دیگر تاجر رہنمائوں نے بھی عابد شیر علی کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صوبے کے کروڑوں عوام کی تذلیل قرار دیا ہے۔