کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کی تعیناتی کے اختیارات وزیراعلی کے سپرد کرنے کا بل منظور کر لیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی شدید مخالفت کے باوجود سندھ اسمبلی میں سندھ یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ بل 2013 کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس بل کے تحت صوبوں میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلر کے تقرر کا اختیار وزیراعلی سندھ کو دے دیا گیا۔
اس بل سے پہلے وائس چانسلر کے تقرر کا اختیار گورنر سندھ کو حاصل تھا۔ ایم کیو ایم کے اراکین نے بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسمبلی کے اجلاس سے واک آٹ کیا۔ قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری کا اسمبلی کے باہر ذرائع سے کہنا تھا کہ اچانک تھیلے سے بل نکال کر منظوری کیلئے پیش کیا گیا، جس کے بارے میں پہلے اطلاع نہیں دی گئی تھی۔