کراچی (جیوڈیسک) سندھ بھرمیں سندھی ثقافت کا دن جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے لوگ ڈھول کی تھاپ پررقص کر رہے ہیں۔
اس موقع پر لوگوں کا کہنا تھا کہ آج سندھ کی ثقافت کا دن ہے جو ان کیلئے عید سے کم نہیں۔یوم ثقافت کے حوالے سے سندھ کے مختلف شہروں سمیت لاڑکانہ میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے روایتی انداز میں منایا جارہا ہے۔
شہری سندھ کی لوک موسیقی پر رقص کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں بھی مختلف تنظیمیں سندھ کلچرڈے منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
سکھرمیں بھی مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں، ریلیوں کے شرکاء نے لوک موسیقی پر رقص بھی کیا۔نواب شاہ میں بھی سندھی ٹوپی و اجرک پہنے لوگ ریلیوں کے شکل میں پریس کلب پہنچے اور دیوانہ وار رقص کیا۔
بدین میں بھی رنگارنگ تقریبات جاری ہیں جس کی وجہ سے ہر طرف عید کا سماں ہے۔ خواتین اور بچے روایتی کپڑے پہنے تقاریب میں شریک ہیں۔
ٹھٹھہ میں ٹیبلوز اور گیت پیش کرکے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا جارہا ہے۔خیرپور میں نوجوان سڑکوں پر بھنگڑے ڈالتے نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے شہر بھر میں ایک ثقافتی نکھار آ گیا ہے۔
ٹنڈومحمد خان، نوشہرہ، پڈعیدن، سانگھڑ سمیت دوسرے شہروں میں بھی ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور ثقافتی تقاریب جاری ہیں جس میں بچے بھی ذوق و شوق سے شریک ہیں۔