لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات انجینئر افتخار چودھری نے اخباری بیان میں آصف علی زرداری فریال تالپور ایان علی اور ایک ہزار لاشیں چھوڑ کر دبئی روانگی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا قوم کو کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری ضرب عضب سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں لیکن معاشی دہشت گردی کرنے والوں کو ملک سے جانے دینا قوم سے سنگین مذاق ہے۔
اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں کہ اربوں ڈالر جو بیرون ملک منتقل کئے گئے ان کے ذمہ داران قومی امانتوں میں خیانت کے ساتھ ساتھ قتل و غارت گری میں بھی ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ تو آج آئی ہے قوم عشروں سے جانتی ہے کہ پاکستان میں خون آشامیوں کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وازرت داخلہ نے جس طرح ایگزیکٹ کے معاملے میں پھرتیاں دکھائیں وہ اس معاملے میں کیوں خاموش ہے۔انجینئر افتخار چودھری نے کراچی کے عوام سے اظہار تعزیت کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنا نجی دورہ ختم کر کے کراچی پہنچے ہیں اس بات کا ثبوت ہے کہ لیڈر وہ ہے جو عوام کے دکھ درد کا شریک ہوتا ہے۔